کل بروز بدھ سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر ھو گا
بدھ 15 جولائی کو ایک اہم فلکیاتی منظر دیکھنے میں آئے گا، جب سورج چند لمحوں کے لیے خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا، جس کے باعث خانہ کعبہ کا سایہ نظر نہیں آئے گا۔
جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر سورج تقریباً 90 درجے کے زاویے پر خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا۔ اس لمحے سورج اور خانہ کعبہ ایک ہی عمودی خط میں ہونے کی وجہ سے اس کا سایہ ختم ہو جائے گا۔
ماہرین کے مطابق اس موقع سے دنیا بھر کے مسلمان قطب نما یا دیگر آلات کے بغیر بھی قبلے کی درست سمت معلوم کر سکتے ہیں۔ پاکستان میں یہ وقت تقریباً دوپہر 2 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ ہوگا۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قدرتی مظہر ہر سال دو مرتبہ رونما ہوتا ہے اور ماضی میں قبلے کا رخ متعین کرنے کے لیے بھی اسی طریقے سے رہنمائی حاصل کی جاتی تھی۔ اس مقصد کے لیے زمین میں ایک سیدھی لکڑی نصب کی جاتی تھی اور جب سورج عین اوپر ہوتا تو لکڑی کے سائے کی مخالف سمت کو قبلے کی سمت سمجھا جاتا تھا۔