عامر خان نے ھندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد اپنی تیسری بیوی کا مذہب بتا دیا
بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی اور اپنی تیسری اہلیہ گوری اسپرٹ کے مذہبی پس منظر کے حوالے سے گفتگو کی، جو حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی دھمکیوں کے بعد توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
عامر خان نے بتایا کہ ان کی موجودہ اہلیہ گوری اسپرٹ ہندو مذہب سے تعلق نہیں رکھتیں بلکہ وہ مسیحی (عیسائی) مذہب کی پیروکار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پہلی اہلیہ رینا دتہ اور دوسری اہلیہ کرن راؤ نے بھی شادی کے بعد اپنا مذہب تبدیل نہیں کیا تھا، کیونکہ ان تمام شادیوں کی بنیاد سول میرج پر تھی، اس لیے مذہب کی تبدیلی کبھی شرط نہیں رہی۔
اداکار کے مطابق ان کے خاندان میں مختلف مذاہب کے درمیان شادیاں معمول کی بات رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی دونوں بہنوں نے ہندو خاندانوں میں شادی کی، ان کے کزن منصور نے ایک عیسائی خاتون سے رشتہ ازدواج قائم کیا، جبکہ ان کی بیٹی نے بھی ایک ہندو نوجوان سے شادی کی ہے۔
یاد رہے کہ عامر خان نے 1986 میں رینا دتہ سے شادی کی تھی، تاہم 2002 میں دونوں کی علیحدگی ہو گئی۔ بعد ازاں انہوں نے 2005 میں کرن راؤ سے شادی کی، جو 2021 میں ختم ہوئی۔ اس کے بعد عامر خان نے گوری اسپرٹ سے تیسری شادی کی۔