دہشتگردی کے خلاف لڑنے والے جوان پوری قوم کے فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی .عبدالعلیم خان

وفاقی وزیر اور استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف لڑنے والے جوان پوری قوم کے فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اپنے بیان میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے شدت پسند عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی، جس سے ملک کے دفاع اور امن کے عزم کو مزید تقویت ملی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک قومی عزم برقرار رہے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، جبکہ دہشتگردوں کے خلاف ہر کامیاب کارروائی ملک کے محفوظ اور پرامن مستقبل کی علامت ہے۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ تعریف ہیں اور ان کی کارکردگی عوام کے اعتماد کی عکاس ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ قومی اتحاد اور مشترکہ کوششوں سے دہشتگرد عناصر اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے وطن کے دفاع اور امن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے دی جانے والی ان کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔