نوشکی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدر فائرنگ سے جاں بحق

نوشکی میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے ضلعی صدر اور یونین کونسل کے چیئرمین میر عبدالرحمان لانگو کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب کلی نوکجو میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے عبدالرحمان لانگو کے گھر میں داخل ہوکر انہیں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے بعد مبینہ طور پر 5 سے 6 مسلح افراد ایک گاڑی میں فرار ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی شروع کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کرنا اور ملزمان کی تلاش کا عمل شروع کردیا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات بھی جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق عبدالرحمان لانگو نوشکی کی ایک فعال سیاسی شخصیت سمجھے جاتے تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و تشویش کی فضا پیدا ہوگئی ہے۔

سیاسی اور سماجی حلقوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری، شفاف تحقیقات اور ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔