ابرار احمد پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بولر بن گئے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی سمیت مختلف فارمیٹس کی تازہ پلیئر رینکنگ جاری کردی، جس میں پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے اہم پیش رفت حاصل کرلی۔
نئی ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں ابرار احمد نے افغانستان کے راشد خان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے نمبر ون بولر بنے ہیں۔ راشد خان ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے نمبر ون بولر بننے والے پانچویں کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، شاہد آفریدی اور عماد وسیم یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
تازہ رینکنگ کے مطابق محمد نواز ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں آٹھویں پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ بیٹنگ میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان تیسرا نمبر برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔
دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں اپنے کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں بھی ہیری بروک بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔