بھارتی ٹی وی اداکارہ ادیتی شرما نے اپنے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کے خلاف ممبئی میں گھریلو تشدد اور ہراسانی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرا دیا
بھارتی ٹی وی اداکارہ ادیتی شرما نے اپنے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کے خلاف ممبئی میں گھریلو تشدد اور ہراسانی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ اداکارہ کا مؤقف ہے کہ شادی کے چند ماہ بعد گھریلو تنازعات نے شدت اختیار کر لی، جس کے بعد انہیں مبینہ طور پر مسلسل جسمانی اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس کے مطابق 31 جولائی کو گوریگاؤں پولیس اسٹیشن میں ادیتی شرما کے شوہر، ساس اور نند کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اداکارہ نے اپنی شکایت میں الزام عائد کیا کہ انہیں مبینہ طور پر جسمانی تشدد، ذہنی دباؤ، مارپیٹ، زبانی بدسلوکی، کردار کشی اور گھریلو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ شادی کے وقت لائے گئے زیورات ان کی اجازت کے بغیر اپنے پاس رکھ لیے گئے۔
ادیتی شرما کے مطابق ان کی اپنے شوہر سے پہلی ملاقات جون 2021 میں ایک آن لائن اداکاری کی کلاس کے دوران ہوئی تھی، جہاں دونوں کے درمیان دوستی ہوئی جو بعد میں رشتے میں تبدیل ہو گئی۔
ان کے بقول دونوں نے ستمبر 2024 میں ایک ساتھ رہنا شروع کیا اور 12 نومبر 2024 کو دونوں خاندانوں کی رضامندی سے شادی کی۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ شادی کے کچھ ہی عرصے بعد شوہر کے رویے میں تبدیلی آ گئی اور معمولی معاملات پر اختلافات اور جھگڑے شروع ہونے لگے۔
شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ یکم جنوری 2025 کو کافی پینے کے معاملے پر ہونے والا ایک تنازع بعد ازاں شدید اختلافات میں بدل گیا، جس کے بعد ان کے شوہر نے مبینہ طور پر ان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے، ان کی نجی زندگی پر نظر رکھنا شروع کی اور ان سے علیحدہ رہنے لگے۔
اداکارہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ انہیں اپنے والدین سے آزادانہ رابطہ رکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ان کی ساس نے شادی کے زیورات واپس نہ کرنے کا بھی مبینہ طور پر انکار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد تمام الزامات کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔