محمد احسن بھون کا کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

ایڈووکیٹ محمد احسن بھون نے اپنی ایل ایل بی کی ڈگری کو جعلی قرار دینے کے مبینہ بیان پر کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ محمد احسن بھون کی ایل ایل بی ڈگری کو جعلی قرار دینے سے متعلق بیان بے بنیاد اور ہتک آمیز ہے۔ نوٹس کے مطابق احسن بھون نے مارچ 1989 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی تھی، جس کے بعد وہ 1989 میں لوئر کورٹس کے ایڈووکیٹ جبکہ 1992 میں ہائیکورٹ کے ایڈووکیٹ کے طور پر انرول ہوئے۔

نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ محمد احسن بھون نے 19 جولائی 2003 کو سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ کی حیثیت سے انرولمنٹ حاصل کی، جبکہ 21 جنوری 2026 کو پنجاب یونیورسٹی نے ان کی اسناد کو تصدیق شدہ قرار دیا تھا۔

قانونی نوٹس کے مطابق 23 ستمبر کو سپریم کورٹ کے باہر احسن بھون کی ڈگری کو جعلی قرار دینے کا مبینہ بیان سامنے آیا، تاہم ڈگری جعلی ہونے کے الزام کی حمایت میں کوئی مستند دستاویزی ثبوت یا سرکاری ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔

نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اگر ڈگری جعلی ہونے سے متعلق کوئی مستند ریکارڈ موجود نہیں تو مذکورہ بیان واپس لیا جائے۔ مؤقف میں کہا گیا ہے کہ محض کسی عوامی بیان یا الزام کی بنیاد پر کسی ڈگری کی قانونی حیثیت کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔

قانونی نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مبینہ بیان سے محمد احسن بھون کی ساکھ اور پیشہ ورانہ حیثیت متاثر ہوئی۔ نوٹس کے مطابق مطالبات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔