’’آپریشن بنیان المرصوص ‘‘میں دشمن پاکستان کی طاقت اور ہنرمندی دیکھ کر دنگ رہ گیا، پاک فضائیہ نےتاریخ رقم کی:ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا ہے گزشتہ برس مئی میں’’ آپریشن بنیان المرصوص‘‘ میں دشمن پاکستان کی طاقت اور ہنرمندی دیکھ کر دنگ رہ گیا۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا عالمی سطح پر امن کے لیے سیاسی و عسکری قیادت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، عالمی امن کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو خصوصی طور پرسراہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا پاکستان پرامن ملک ہے اور تنازعات کا حل مذاکرات سے کرنے پریقین رکھتا ہے،’’ معرکۂ حق ‘‘اور’’ بنیان المرصوص ‘‘میں پاک فوج کی حکمت عملی سب نے دیکھی، پاک فضائیہ نے ناصرف دشمن کے طیارے گرائے بلکہ تاریخ رقم کی۔مئی میں دشمن پاکستان کی طاقت اور ہنرمندی دیکھ کر دنگ رہ گیا، پاکستان پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔