پرتشدد اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی سیاسی مفاہمت کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔ آئی جی آزاد کشمیر

آزاد جموں و کشمیر پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) نے پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث ریاست مخالف عناصر کے مطالبات مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے گروہوں کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔

آئی جی آزاد کشمیر نے اپنے بیان میں کہا کہ جن عناصر نے پولیس اہلکاروں کو شہید کیا اور ان کی لاشوں کی بے حرمتی کی، ان کے ساتھ کسی رعایت یا نرمی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق شرپسند گروہ سیکیورٹی فورسز کو دھمکیاں دیتے ہیں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے جیسے بیانات دیتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کا نشانہ صرف قانون نافذ کرنے والے ادارے نہیں بلکہ عام شہری بھی بن رہے ہیں۔ انہوں نے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت کے لیے جانے والے ایک بے گناہ شہری کو اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس کی ٹانگیں توڑ دی گئیں۔

آئی جی کا کہنا تھا کہ ایسے پرتشدد اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی سیاسی مفاہمت کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کی ذمہ داری قانون پر عملدرآمد اور امن و امان برقرار رکھنا ہے، جبکہ سیاسی معاملات اور مذاکرات کا اختیار سیاسی قیادت کے پاس ہوتا ہے۔