سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کا گورنس و تنخواہوں سے متعلق آڈیو پیغام لیک
July 9, 2026
7:28 pm
سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور سے منسوب ایک آڈیو پیغام منظرِ عام پر آیا ہے، جس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں شیئر کیا گیا تھا۔
آڈیو پیغام میں علی امین گنڈاپور مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کہ خیبر پختون خوا میں ڈرون حملے ہو رہے ہیں اور صوبائی حکومت کے فنڈز سے بعض آپریشنز بھی کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مبینہ طور پر یہ بھی کہا کہ صوبائی وزراء اور اراکینِ اسمبلی غیر معیاری ترقیاتی کاموں کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ناقص حکمرانی کا الزام بھی حکومت پر ہی عائد ہوتا ہے۔
آڈیو میں مزید کہا گیا ہے کہ جن افراد نے اراکینِ اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا یا متعلقہ ایکٹ کی حمایت کی، ان کے نام سامنے لائے جائیں۔ ان کے بقول بانیٔ پاکستان تحریکِ انصاف نے پہلے ہی اراکینِ صوبائی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی مخالفت کی تھی۔
علی امین گنڈاپور نے آڈیو میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا کہ وہ اس فیصلے یا عمل کا حصہ نہیں ہیں۔
دوسری جانب ان کے ترجمان فراز مغل نے میڈیا سے گفتگو میں اس آڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زیرِ گردش آڈیو واقعی علی امین گنڈاپور کی آواز پر مشتمل ہے۔