انیقہ معراج پاکستان مس ورلڈ 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی
پاکستان پہلی مرتبہ مس ورلڈ مقابلے میں اپنی نمائندگی کرنے جا رہا ہے، جہاں مس ورلڈ پاکستان 2026 کا اعزاز حاصل کرنے والی انیقہ معراج عالمی سطح پر ملک کی نمائندہ ہوں گی۔ وہ ویتنام میں منعقد ہونے والے مس ورلڈ کے 75ویں خصوصی ایڈیشن میں شریک ہوں گی۔
مس ورلڈ تنظیم کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری اعلامیے کے مطابق یہ بین الاقوامی مقابلہ 9 اگست سے 5 ستمبر تک ویتنام میں منعقد ہوگا، جس میں مختلف ممالک کی امیدواریں حصہ لیں گی۔
24 سالہ انیقہ معراج بزنس اور اکنامکس میں گریجویٹ ہیں، جبکہ ان کی تعلیمی مہارت اکاؤنٹنگ اور آڈٹنگ کے شعبوں میں ہے۔
انیقہ معراج کا کہنا ہے کہ ان کا مستقبل میں اسٹیٹ آتھرائزڈ پبلک اکاؤنٹنٹ بننے کا ارادہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے سماجی سطح پر فعال کردار ادا کرنا چاہتی ہیں تاکہ پاکستان کے بہتر مستقبل میں اپنا مثبت حصہ ڈال سکیں۔
اگرچہ مس ورلڈ کے مقابلے میں یہ پاکستان کی پہلی باضابطہ شرکت ہوگی، تاہم گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستانی امیدوار مختلف بین الاقوامی بیوٹی پیجنٹس میں ملک کی نمائندگی کرتی رہی ہیں۔