اے این پی نے جماعت اسلامی کے مہنگائی مخالف دھرنوں میں شرکت کی دعوت قبول کرلی

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے جاری احتجاجی دھرنوں میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے اے این پی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی سیاسی صورتحال، بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم لیوی اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

حافظ نعیم الرحمان نے گفتگو کے دوران ایمل ولی خان کو پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنوں میں شرکت کی دعوت دی، جسے اے این پی کے مرکزی صدر نے قبول کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد کو سراہا۔

ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز اور پیٹرولیم لیوی کا معاملہ کسی ایک سیاسی جماعت تک محدود نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام اس سے متاثر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عام شہری پہلے ہی سنگین معاشی مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ان کے لیے روزمرہ زندگی مزید مشکل ہوگئی ہے۔

اے این پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ ان کی جماعت عوام کے معاشی حقوق کے تحفظ، مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف دلانے کے لیے ہونے والی ہر مثبت جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور مہنگائی کے خلاف تمام جمہوری قوتوں کو مشترکہ مؤقف اختیار کرنا چاہیے تاکہ حکومت پر عوام دوست اقدامات کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا جاسکے۔

اے این پی نے ملک میں جاری مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عام شہریوں کو فوری ریلیف دینے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔