ارجنٹینا کی مصر کے خلاف ڈرامائی فتح کے بعد مصری کھلاڑی، سوشل میڈیا صارفین اور ٹیم کے کوچ نے متنازع فیصلوں پر ریفریز کو آڑے ہاتھوں لے لیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا اور مصر کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ریفری کے متعدد فیصلے شدید تنازع کا باعث بن گئے، جس پر مصری کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دوسرے ہاف میں مصر کی جانب سے کیا گیا ایک گول وی اے آر (VAR) جائزے کے بعد منسوخ کر دیا گیا۔ ریفری نے اس فیصلے کی وجہ میدان کے دوسرے حصے میں ہونے والے مبینہ فاؤل کو قرار دیا، جس پر مصری ٹیم نے شدید احتجاج کیا۔

میچ کے آخری لمحات میں مصر کے کپتان محمد صلاح اور ارجنٹینا کے ایک کھلاڑی کے درمیان گیند کے حصول کے دوران ٹکراؤ ہوا۔ مصری ٹیم کا مؤقف تھا کہ صلاح کو گرایا گیا، تاہم ریفری نے فاؤل قرار نہیں دیا۔ اس فیصلے پر شائقین نے بھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی۔

اسی طرح ایک اور موقع پر بھی مصر کے ایک کھلاڑی کو گرائے جانے کے باوجود ریفری نے نہ فاؤل دیا اور نہ ہی پنالٹی کا فیصلہ کیا، جس کے بعد ریفری کے فیصلوں پر سوالات اٹھائے جانے لگے۔

میچ کے دوران مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے بھی بعض فیصلوں پر سخت احتجاج کیا، جس پر ریفری نے انہیں یلو کارڈ دکھایا۔

بعد ازاں ارجنٹینا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرے ہاف میں تین گول اسکور کیے اور 2-3 سے کامیابی حاصل کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

میچ کے اختتام پر مصری کھلاڑی مصطفیٰ زکو نے ریفری کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فیصلے غیر منصفانہ محسوس ہوئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹورنامنٹ کے نتائج پہلے سے طے شدہ معلوم ہوتے ہیں۔

ادھر مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے بھی ریفری کے فیصلوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں میچ میں جانبداری دکھائی گئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر نتیجہ پہلے ہی طے تھا تو دیگر ٹیموں کو مقابلے میں شامل کرنے کا مقصد کیا تھا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی ریفری کے متنازع فیصلوں پر بحث جاری ہے، جہاں متعدد صارفین نے میچ آفیشلز کی کارکردگی پر تنقیدی تبصرے کیے ہیں۔