ایشین گیمز: پاکستان کو اسکواش میں چاندی کا تمغہ، والی بال میں بھی شکست
ایشین گیمز 2026 میں پاکستان کی 12 سال بعد اسکواش میں گولڈ میڈل جیتنے کی امید پوری نہ ہوسکی، ملائیشیا نے مینز ٹیم ایونٹ کا فائنل جیت کر طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا، جبکہ پاکستان کو چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔
فائنل میں پاکستان کے ناصر اقبال اور نور زمان اپنے اپنے میچز جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکے، جس کے نتیجے میں ملائیشیا نے ٹیم ایونٹ کا گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔ پاکستان کا یہ سلور میڈل ایشین گیمز میں اس کے مجموعی تمغوں کی تعداد 7 تک لے گیا۔
دوسری جانب مینز والی بال کے سیمی فائنل میں بھی پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایچی ناگویا میں جاری ایشین گیمز 2026 کے سیمی فائنل میں ایران نے قومی ٹیم کو 3-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
پاکستان اب والی بال میں کانسی کے تمغے کے لیے میدان میں اترے گا، جہاں قومی ٹیم کا مقابلہ جاپان یا چین سے ہوگا۔
اس سے قبل پاکستان نے والی بال کے کوارٹر فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 3-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ قومی ٹیم نے بھارت کے خلاف تینوں سیٹس میں 25-19، 25-23 اور 25-18 سے کامیابی حاصل کی تھی۔