اداکارہ عائشہ عمر کا کراچی کے ناقص بنیادی ڈھانچے پر تشویش کا اظہار

اداکارہ، ماڈل اور گلوکارہ عائشہ عمر نے کراچی میں بنیادی سہولیات کی ابتر صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شہر میں رہنے والے شہری اپنی ثابت قدمی اور مشکلات کا سامنا کرنے پر اعزاز کے مستحق ہیں۔

برطانوی تحقیقی ادارے اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (EIU) کی جانب سے جاری کردہ گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس 2026 میں کراچی کو رہائش کے اعتبار سے دنیا کے 173 شہروں میں 170واں نمبر دیا گیا، جس کے بعد اس رپورٹ پر مختلف حلقوں کی جانب سے ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

اس حوالے سے عائشہ عمر نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس درجہ بندی پر انہیں کوئی حیرت نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق کراچی کے شہری روزمرہ زندگی کی سخت مشکلات کے باوجود یہاں رہ کر جدوجہد کر رہے ہیں، اس لیے وہ تعریف اور اعتراف کے مستحق ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ شہر کی ٹوٹی ہوئی اور آلودہ سڑکیں، شدید ٹریفک، بجلی اور گیس کی غیر یقینی فراہمی، ہر وقت جرائم کا خدشہ، اور تمام ٹیکس ادا کرنے کے باوجود بنیادی سہولیات سے محرومی شہریوں کو مسلسل ذہنی دباؤ میں رکھتی ہے، جس کے باعث اکثر لوگ عدم تحفظ اور بے یقینی کی کیفیت کا سامنا کرتے ہیں۔