آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے کے نتائج کے بعد ایک خاتون سمیت سات امیدوار پہلی مرتبہ اسمبلی کے رکن منتخب ہونے میں کامیاب

نومنتخب ارکان میں مظفرآباد ڈویژن سے دو جبکہ پاکستان میں مقیم مہاجرین کی مخصوص نشستوں سے پانچ امیدوار شامل ہیں، جنہوں نے پہلی بار قانون ساز اسمبلی تک رسائی حاصل کی۔

حلقہ ایل اے 29 مظفرآباد سٹی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار مختار خان نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی مرتبہ اسمبلی میں جگہ بنائی، جبکہ ایل اے 31 کھاوڑہ مظفرآباد سے مسلم لیگ (ن) کے ثاقب مجید راجا بھی پہلی بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔

مہاجرین کی نشستوں پر ایل اے 36 جموں 3 سے محمد احسن رضا، ایل اے 37 جموں 4 سے مریم جاوید، ایل اے 38 جموں 5 سے ذیشان علی، ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 سے محمد عامر شاہ اور ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 سے محمد یاسین لون پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

قانون ساز اسمبلی کی نشست حاصل کرنے والے محمد یاسین لون نے اپنے حلقے میں کامیابی کے ساتھ پہلی بار اسمبلی تک رسائی حاصل کی۔

یاد رہے کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھی پانچ نئے امیدوار پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے، جس کے بعد دونوں مراحل میں پہلی بار منتخب ہونے والے ارکان کی مجموعی تعداد 12 ہو گئی ہے۔