آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کی نمایاں کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ کامیابی قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت، جماعت کی مشترکہ کوششوں اور انتخابی مہم میں شامل کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں اور وژن پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کو اپنی اولین ترجیح بنائے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مختلف سیاسی جماعتوں نے بھرپور انداز میں حصہ لیا، جس سے جمہوری عمل کو مزید تقویت ملے گی۔
واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں 20 میں سے 19 حلقوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آ چکے ہیں، جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 14 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔