آزاد کشمیر انتخابات: ابتدائی غیر سرکاری نتائج میں مسلم لیگ (ن) کو برتری کا دعویٰ
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ کا عمل پُرامن اور بھرپور انداز میں مکمل ہوا، جبکہ ابتدائی غیر سرکاری اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو نمایاں برتری حاصل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں نے انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیا اور ووٹنگ شفاف ماحول میں منعقد ہوئی۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی فلاح کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پارٹی نے میاں نواز شریف کی قیادت میں بھرپور انتخابی مہم چلائی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بھی ابتدائی نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی، ترقیاتی وژن اور عوامی خدمت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابی پارٹی قیادت، کارکنوں اور ووٹرز کے مشترکہ اعتماد کا مظہر ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ دستیاب نتائج کے مطابق میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں میں سے 8 کے نتائج سامنے آ چکے ہیں، جن میں مسلم لیگ (ن) نے 5 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔