اعظم خان کا موت کی جعلی خبر پر طنزیہ ردعمل
پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے سوشل میڈیا پر اپنے انتقال سے متعلق گردش کرنے والی جھوٹی خبر پر مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں اعظم خان اپنے دوستوں کے ہمراہ اپنے انتقال کی افواہ پر ہنستے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں اعظم خان نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اچھا کھلاڑی تھا، بیچارہ، کل پاکستان کے لیے کھیلنے والا تھا، مر گیا۔‘‘
28 سالہ اعظم خان نے پاکستان کی جانب سے آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ 6 جون 2024 کو امریکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران کھیلا تھا۔
اعظم خان اب تک پاکستان کے لیے 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 88 رنز اسکور کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی خبروں اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کے بڑھتے استعمال کے باعث مختلف معروف شخصیات کے انتقال سے متعلق جھوٹی اطلاعات بھی وقتاً فوقتاً سامنے آتی رہی ہیں۔