کپتان بابراعظم کا ذمہ داری ملنے پر فخر کا اظہار
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل اپنے مداحوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک نئے عزم اور جذبے کے ساتھ میدان میں واپسی کر رہے ہیں۔
بابر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سنبھالنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ آئندہ چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے شائقینِ کرکٹ سے درخواست کی کہ وہ قومی ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاگو رہیں اور اپنی حمایت جاری رکھیں۔
پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ آج اسلام آباد سے دوحہ اور لندن کے راستے ویسٹ انڈیز روانہ ہوگا، جہاں ٹیم پورٹ آف اسپین اور ٹوروبا میں مختلف میچز میں شرکت کرے گی۔
دورے سے قبل قومی کھلاڑیوں نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تین روزہ تربیتی کیمپ میں حصہ لیا، جبکہ تیاریوں کے سلسلے میں دو روزہ منظرنامہ پر مبنی پریکٹس میچ بھی کھیلا گیا۔
شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم 18 سے 21 جولائی تک چار روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 25 جولائی سے ہوگا۔ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 2 اگست سے شروع ہوگا۔