سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان کے مختلف علاقوں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز, 10 شدت ہلاک جبکہ دو مبینہ خودکش حملہ آور خواتین اور ایک سہولت کار کو گرفتار

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں 10 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ دو مبینہ خودکش حملہ آور خواتین اور ایک سہولت کار کو گرفتار کرنے کی بھی اطلاع دی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع سوراب اور مستونگ میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ کارروائیاں ان گروہوں کے خلاف کی گئیں جنہیں ادارے بھارتی سرپرستی میں سرگرم “فتنہ الہندوستان” اور “فتنہ الخوارج” سے منسلک قرار دیتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سوراب میں ہونے والے آپریشن میں 7 جبکہ مستونگ میں 3 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مستونگ کی کارروائی کے دوران دو مبینہ خودکش حملہ آور خواتین اور ایک مبینہ سہولت کار کو بھی حراست میں لیا گیا۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر موجود دیگر شدت پسندوں کا سراغ لگا کر کارروائی مکمل کی جا سکے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔