بلوچستان کے تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور مائنز اونرز نے صوبے میں آج سے پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
’’جنگ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق اس احتجاجی تحریک کو مختلف سیاسی جماعتوں کی بھی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ بلوچستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا کہنا ہے کہ یہ ہڑتال 11 جون سے شروع کی جا رہی ہے اور مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔
چیمبر کے مطابق صوبے میں شاہراہوں پر ٹرکوں کو جلانے کے واقعات کے باعث ٹرانسپورٹ اور کاروباری طبقہ شدید نقصان کا شکار ہے، جس پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کو محفوظ بنایا جائے اور کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔