پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی (PACRA) نے بینک آف پنجاب کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ AA+ سے بڑھا کر AAA کر دی

پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی( پی اے سی آر اے) نے بینک آف پنجاب کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ AA+ سے بڑھا کر AAA کر دی ہے، جبکہ مختصر مدتی ریٹنگ A1+ برقرار رکھی گئی ہے۔ ادارے نے بینک کا آؤٹ لک بھی مستحکم (Stable) قرار دیا ہے۔
اس اپ گریڈ کے بعد بینک آف پنجاب پاکستان کا پہلا اور واحد صوبائی بینک بن گیا ہے جسے ملک کی اعلیٰ ترین کریڈٹ ریٹنگ حاصل ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ کامیابی بینک کے مالی استحکام، ڈپازٹس میں مسلسل اضافے، بہتر منافع اور مؤثر رسک مینجمنٹ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
مالی اعدادوشمار کے مطابق 2025 کے دوران بینک کے مجموعی ڈپازٹس 2 ٹریلین روپے سے تجاوز کر گئے، جبکہ کریڈٹ لاس الاؤنس سے قبل آپریٹنگ منافع تقریباً دوگنا ہو کر 40.7 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 98.5 فیصد زیادہ ہے۔ اس بہتری کی بنیادی وجوہات کم لاگت پر ڈپازٹس میں اضافہ، فنڈنگ لاگت میں کمی، بنیادی آمدنی میں بہتری، اخراجات پر مؤثر کنٹرول اور محتاط رسک مینجمنٹ کو قرار دیا جا رہا ہے۔
بینک آف پنجاب کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ظفر مسعود نے اس کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ AAA ریٹنگ ادارے کی مضبوط حکمت عملی، پیشہ ورانہ معیار اور مالی نظم و ضبط کا واضح ثبوت ہے۔ ان کے مطابق بینک نہ صرف اپنے شیئر ہولڈرز کے لیے پائیدار قدر پیدا کر رہا ہے بلکہ مالی شمولیت، ذمہ دار بینکاری اور ملک کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بینک اس وقت پاکستان میں ڈیجیٹل قرضوں، ایس ایم ای فنانسنگ، زرعی شعبے، خواتین کی مالی خودمختاری اور کم لاگت رہائشی منصوبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔ حکومت پنجاب کے مختلف منصوبوں، جن میں آسان کاروبار، کسان کارڈ، لائیوسٹاک کارڈ اور اپنی چھت اپنا گھر شامل ہیں، کے ذریعے ہزاروں کاروباری افراد، کسان، خواتین اور نئے قرض لینے والوں کو باضابطہ مالی سہولیات تک رسائی فراہم کی گئی ہے۔
ظفر مسعود نے حکومت پنجاب، بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز، صارفین، ریگولیٹری اداروں، سرمایہ کاروں اور بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اعتماد اور تعاون سراہتے ہوئے کہا کہ بینک کی کامیابی اس کی پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے، اور مستقبل میں بھی صارفین کو بہترین مالی خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
بینک آف پنجاب نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وہ مضبوط مالی بنیاد، ڈیجیٹل جدت، مالی شمولیت اور صارفین پر مرکوز بینکاری کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔