بیرسٹر گوہر کا پیپلزپارٹی سے مثبت جواب کی امید کا اظہار
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جمہوریت کے حوالے سے اپنی تجاویز پیپلزپارٹی کے سامنے رکھ دی ہیں اور انہیں امید ہے کہ اس معاملے پر مثبت ردعمل سامنے آئے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بعض معاملات کے حوالے سے تحریک انصاف کو خدشات ہیں جن کا تدارک ضروری ہے، جبکہ کچھ امور ملک کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیپلزپارٹی ان تجاویز کا مثبت جواب دے گی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے واضح کیا کہ پارٹی کا لانگ مارچ طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگا اور سہیل آفریدی بدستور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا رہیں گے۔ ان کے مطابق تحریک انصاف نے ہمیشہ اپنے اتحادیوں کو اعتماد میں لیا اور انہیں سیاسی سرگرمیوں سے باخبر رکھا ہے۔
اس سے قبل اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد نے پیپلزپارٹی سیکریٹریٹ میں پیپلزپارٹی رہنما نیئر بخاری سے ملاقات کی، جس کے دوران انہیں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔
ملاقات کرنے والے وفد میں علامہ راجا ناصر عباس، بیرسٹر گوہر اور دیگر اپوزیشن رہنما شامل تھے۔