معروف ریسلر بینجمن سیٹرلی کی موت کی وجہ برونکائیل دمہ قرار

معروف امریکی ریسلر بینجمن سیٹرلی کی اچانک موت کی وجہ طبی تحقیقات کے بعد برونکائیل دمہ بتائی گئی ہے۔ 40 سالہ ریسلر کی موت کو قدرتی قرار دیا گیا ہے۔

امریکی اخبار کیلیفورنیا پوسٹ کے مطابق کک کاؤنٹی میڈیکل ایگزامینر کے دفتر کے ترجمان نے بتایا کہ سیٹرلی کی موت برونکائیل دمے کے باعث ہوئی۔ یہ سانس کی ایک دائمی بیماری ہے جس میں پھیپھڑوں کی نالیاں سوجن اور تنگ ہونے لگتی ہیں، جبکہ بلغم کی مقدار بڑھنے سے سانس لینے میں دشواری پیدا ہو سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق بینجمن سیٹرلی 27 ستمبر کو امریکی ریاست الینوائے میں ایک کرائے کی گاڑی کے اندر بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے۔ موقع پر پہنچنے والے حکام نے چند ہی منٹ بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی تھی۔

ابتدائی امدادی کارروائیوں میں شریک اہلکاروں کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریسلر کے جسم پر کسی قسم کی چوٹ یا کوئی مشتبہ نشان نہیں ملا تھا۔ طبی حکام کی جانب سے سامنے آنے والی معلومات کے مطابق ان کی موت کی وجہ برونکائیل دمہ تھی۔