کینوا کی پی آئی اے کی ری برانڈنگ میں دلچسپی، قومی ڈیزائن مقابلے کی تجویز سامنے آگئی

کینوا کے مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے جنرل منیجر احمد اقبال نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نئی شناخت تشکیل دینے کے عمل میں تعاون کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے قومی سطح پر ڈیزائن مقابلہ منعقد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم لنکڈ اِن پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اگرچہ انہیں اس تجویز کے عملی جامہ پہننے کی مکمل یقین دہانی نہیں، تاہم وہ امید رکھتے ہیں کہ ان کا پیشہ ورانہ نیٹ ورک انہیں پی آئی اے کی متعلقہ قیادت تک پہنچانے میں مدد دے گا۔

احمد اقبال نے کہا کہ ایک دور میں پی آئی اے پاکستان کی ترقی، معیار اور فضائی شعبے میں کامیابی کی علامت سمجھی جاتی تھی۔ ان کے مطابق قومی ایئرلائن نے نہ صرف مختلف ممالک کے پائلٹس کی تربیت میں کردار ادا کیا بلکہ کئی ممالک کو اپنی قومی ایئرلائنز قائم کرنے میں بھی معاونت فراہم کی، جس سے پاکستان کو خطے میں اہم فضائی مقام حاصل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ نئی ملکیت اور انتظامیہ کے تحت پی آئی اے ایک نئے سفر کا آغاز کر رہی ہے، جہاں عوامی اعتماد کی بحالی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ان کے بقول کسی بھی قومی ادارے پر اعتماد صرف اسی وقت مضبوط ہوتا ہے جب پوری قوم خود کو اس تبدیلی کا حصہ محسوس کرے۔

احمد اقبال نے تجویز دی کہ کینوا اپنی مالی معاونت سے ایک ملک گیر ڈیزائن مقابلہ منعقد کرے، جس میں نمایاں انعامات بھی رکھے جائیں۔ اس مقابلے کے ذریعے پی آئی اے کے لیے نیا لوگو، برانڈ گائیڈ لائنز، طیاروں کی نئی بیرونی ڈیزائننگ (لیوری) اور دوبارہ متعارف کرانے کے لیے مکمل مارکیٹنگ مہم تیار کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے صارفین روزانہ کینوا پر اسی نوعیت کے تخلیقی منصوبوں پر کام کرتے ہیں، لیکن اس بار مقصد ایک ایسے قومی ادارے کو نئی شناخت دینا ہوگا جس سے پاکستانیوں کی کئی نسلوں کی یادیں وابستہ ہیں۔

احمد اقبال کے مطابق یہ منصوبہ ’’پاکستانیوں کے ذریعے، پاکستان کے لیے‘‘ ہوگا، جس کا مقصد مقامی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور پاکستانی ڈیزائن ورثے کو نئی جہت دینا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کینوا اس منصوبے میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے پی آئی اے کی قیادت سے باضابطہ بات چیت ضروری ہے تاکہ اس تجویز کے عملی امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔

آخر میں انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ اگر کوئی انہیں پی آئی اے کی متعلقہ قیادت سے متعارف کرا سکتا ہے تو رابطہ کرے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی پوسٹ کے ساتھ موجود تصوراتی ڈیزائن ایک غیر پیشہ ور ڈیزائنر نے کینوا اور Affinity کی مدد سے تیار کیا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اجتماعی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے بڑے منصوبے بھی کامیابی سے مکمل کیے جا سکتے ہیں۔