کیئرک پروگرام کے 25 سال مکمل، 60.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے مطابق وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون، کیئرک پروگرام کے قیام کو 25 سال مکمل ہوگئے ہیں، جبکہ اس عرصے کے دوران پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 60.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جاچکی ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق کیئرک پروگرام کا آغاز پانچ ممالک کی شمولیت سے ہوا تھا، جو وقت کے ساتھ وسعت اختیار کرتے ہوئے اب 11 ممالک پر مشتمل ہوچکا ہے اور پاکستان بھی اس کا حصہ ہے۔

جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان سمیت 8 رکن ممالک میں اے ڈی بی کی جانب سے تقریباً 3 ارب ڈالر کی فنانسنگ فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ خطے میں سرحدی گزرگاہوں کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے مزید 40 کروڑ ڈالر تک کی مالی معاونت فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق کیئرک ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کے لیے سرحدی نظام اور کراسنگ پوائنٹس کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس وقت کیئرک ممالک کی مجموعی تجارت میں باہمی تجارت کا حصہ صرف 5 فیصد ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ توانائی کے شعبے میں کیئرک منصوبوں کی مجموعی مالیت 2030 تک تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

اے ڈی بی نے بتایا کہ 2030 تک کیئرک خطے میں 7.5 ارب ڈالر سے زائد کی فنانسنگ فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ نجی شعبے سے تقریباً 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق کیئرک پروگرام کے مختلف منصوبوں کے تحت اب تک 20 ہزار کلومیٹر سے زیادہ سڑکوں اور ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جاچکا ہے۔