چین نے خلیجی اور عرب ممالک میں ہونے والے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے عمل کی سخت مخالفت
چین نے خلیجی اور عرب ممالک میں ہونے والے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے عمل کی سخت مخالفت کی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ شہری انفراسٹرکچر پر حملے کسی بھی صورت قابل قبول نہیں اور چین ایسے اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ممالک کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے، جبکہ تمام متعلقہ فریق بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی پابندی کریں۔
ترجمان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھی گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ سفارتی کوششوں اور سیاسی مذاکرات میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ تنازع کو پرامن ذرائع سے حل کرنے کی کوشش کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔