چین اور پاکستان کا امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور

چین اور پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے تنازع کے حل کی حمایت کی ہے۔

شنگھائی میں منعقدہ ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو برقرار رکھنا خطے کے امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔ اس موقع پر اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تمام متعلقہ فریق دوبارہ مذاکرات کا راستہ اختیار کریں اور طے شدہ معاہدوں اور وعدوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں، جبکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والے اقدامات پر بھی عمل کیا جائے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور وانگ یی نے پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے سی پیک کے دوسرے مرحلے، تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ خطے اور دنیا میں پیش آنے والی حالیہ پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔