چین میں سمندری طوفان میساک کے تباہ کن اثرات، ہلاکتوں کی تعداد 15 ہو گئی، 9 افراد لاپتہ
چین میں آنے والے سمندری طوفان میساک کے باعث جانی و مالی نقصان میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حکام کے مطابق اب تک مختلف حادثات میں 15 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 9 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق جنوب مغربی علاقوں میں ممکنہ خطرات کے پیش نظر تقریباً 62 ہزار شہریوں کو احتیاطی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
ناننگ کے علاقے میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ایک ڈیم کی دیوار متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں آس پاس کی کئی آبادیاں زیرِ آب آ گئیں اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔
چینی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید شدید بارشوں کا امکان موجود ہے، جس کے باعث سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
ادھر صوبہ گوانگ ژی کے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔ چینی صدر شی جن پنگ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور متاثرین کی فوری امداد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔