چونیاں میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو بہنیں جاں بحق، والدین کی حالت نازک

چونیاں میں مبینہ طور پر آلودہ یا زہریلا کھانا کھانے کے بعد ایک ہی خاندان کے چار افراد کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی، جس کے نتیجے میں دو بہنیں جان کی بازی ہار گئیں جبکہ والدین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ خاندان نے گھر میں تیار کیا گیا کھانا کھایا تھا، جس کے کچھ ہی دیر بعد تمام افراد کی طبیعت بگڑ گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے انہیں فوری طور پر لاہور کے ایک اسپتال منتقل کیا۔

اسپتال میں زیرِ علاج 20 سالہ عمارہ اور 13 سالہ تحریم جانبر نہ ہو سکیں، جبکہ ان کے والد محمود اور والدہ شاہدہ بی بی کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور انہیں طبی نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی دونوں بہنوں کی میتیں ان کے آبائی گاؤں ارجن سنگھ منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ ادارے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔