وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنر کو خراب پانی والے علاقوں کی فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں صاف پانی کی فراہمی اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے ان علاقوں میں جہاں پانی کا معیار زیادہ خراب ہے، وہاں جدید بوٹلنگ پلانٹس فعال کر دیے گئے ہیں۔ خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں قائم پلانٹس تیار ہیں، جبکہ ان علاقوں کے شہریوں تک پینے کا صاف پانی خصوصی ٹرکوں کے ذریعے پہنچانے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ خوشاب کا بوٹلنگ پلانٹ فی گھنٹہ تقریباً 50 ہزار بوتلیں تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع میں ایسے علاقوں کی فوری نشاندہی کریں جہاں پانی کا معیار خراب ہے یا عوام کو صاف پانی کے حصول کے لیے طویل فاصلے طے کرنا پڑتے ہیں، اور اس حوالے سے جامع رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے صاف پانی کی کمی والے علاقوں کی ضروریات کا مکمل تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت دی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے خوشاب، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور بہاولپور کے ڈپٹی کمشنرز سے فوری رپورٹ طلب کی، جبکہ “سی ایم پنجاب صاف پانی پراجیکٹ” کے تحت مزید چار نئے بوٹلنگ پلانٹس قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مستقبل کے منصوبے کے تحت صوبے بھر میں مجموعی طور پر 2,258 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے کلسٹر بیسڈ واٹر ٹینک منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں بہاولپور ڈویژن میں 22 اور راجن پور میں 10 ایسے پلانٹس قائم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خراب یا بند واٹر فلٹریشن پلانٹس سے متعلق عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو جلد از جلد ان کی بحالی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو تاکید کی کہ اپنے اضلاع میں خراب فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور بحالی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بلا تعطل صاف پانی فراہم کیا جا سکے۔