کرسٹیانو رونالڈو نے کھیل کے ساتھ ساتھ کاروباری دنیا میں بھی کامیابیاں سمیٹ لیں
عالمی فٹبال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے نہ صرف کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے بلکہ کاروباری دنیا میں بھی غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی کے بعد رونالڈو نے سعودی کلب Al Nassr FC کے ساتھ ایک تاریخی معاہدہ کیا، جسے کھیلوں کی دنیا کے مہنگے ترین معاہدوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس معاہدے کے تحت ان کی سالانہ آمدنی 200 ملین ڈالر سے زائد ہے۔
مالیاتی رپورٹس کے مطابق رونالڈو کے مجموعی اثاثوں کی مالیت تقریباً 1.2 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہے، جس کے باعث وہ دنیا کے چند امیر ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ وہ اپنے کیریئر کے دوران 2 ارب ڈالر سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والے پہلے ایتھلیٹ بھی بن گئے ہیں۔
فٹبال سے ہٹ کر رونالڈو نے اپنی ذاتی برانڈ ویلیو کو بھی بھرپور انداز میں استعمال کیا۔ سوشل میڈیا پر ان کے فالوورز کی تعداد ایک ارب کے قریب پہنچ چکی ہے، جبکہ عالمی برانڈز کے ساتھ شراکت داری، CR7 برانڈ، ہوٹل بزنس اور مختلف سرمایہ کاری منصوبوں نے ان کی دولت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کی کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ کھیل، کاروبار اور ذاتی برانڈنگ کو یکجا کرکے عالمی سطح پر غیر معمولی مالی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔