کرسٹیانو رونالڈو نے فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اہم اشارہ دے دیا
پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک انٹرویو میں عندیہ دیا ہے کہ ممکنہ طور پر 2026 ان کے پروفیشنل فٹبال کیریئر کا آخری سال ثابت ہوگا۔
ووگ میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں 41 سالہ رونالڈو نے کہا کہ تقریباً 25 برس پر محیط اپنے شاندار کیریئر کے دوران انہوں نے اور ان کی اہلیہ نے بہت سی قربانیاں دیں، اب وہ چاہتے ہیں کہ اپنی محنت اور کامیابیوں سے حاصل ہونے والی زندگی کو زیادہ وقت دے سکیں۔
رونالڈو نے فٹبال کے بعد کی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کھیل چھوڑنے کے بعد ایک بڑا خلا محسوس ہوسکتا ہے، اسی لیے وہ خود کو مختلف مصروفیات میں مشغول رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق سفر کرنا اور پیڈل کھیلنا ان سرگرمیوں میں شامل ہوسکتا ہے جنہیں وہ ریٹائرمنٹ کے بعد وقت دیں گے۔
کلب اور پرتگال کی قومی ٹیم کی جانب سے 950 سے زیادہ گولز کرنے والے رونالڈو کا کہنا تھا کہ وہ فٹبال کو ایک شاندار اور یادگار مقام پر چھوڑنا چاہتے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو کا شمار فٹبال کی تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ اپنے تقریباً ڈھائی دہائیوں پر مشتمل کیریئر میں وہ مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ، یووینٹس اور النصر جیسے معروف کلبز کی نمائندگی کرچکے ہیں اور متعدد ملکی و بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کیے ہیں۔