ڈیوڈ وارنر کو شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں سزا، جرمانہ عائد

سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو شراب کے نشے میں گاڑی چلانے کے جرم کا اعتراف کرنے کے بعد آسٹریلوی عدالت نے سزا سنا دی ہے، جبکہ ان پر 1500 آسٹریلوی ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران وارنر کے اعترافِ جرم کے بعد سزا کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کے وکیل اویس احمد نے عدالت سے درخواست کی کہ وارنر کو سزا یافتہ قرار نہ دیا جائے، کیونکہ واقعے کی عالمی میڈیا میں وسیع کوریج ہوئی ہے اور اس سے ان کے مالی معاہدے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

عدالت نے تاہم قرار دیا کہ شراب پی کر ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کے لیے واضح قانونی پیغام دینا ضروری ہے۔ عدالت نے یہ بھی مدنظر رکھا کہ وارنر کی دوبارہ اسی نوعیت کے جرم میں ملوث ہونے کا امکان کم ہے۔

عدالتی حکم کے تحت ڈیوڈ وارنر کو اب گاڑی چلاتے وقت انٹرلاک ڈیوائس استعمال کرنا ہوگی۔ وہ متعلقہ لائسنس حاصل کرنے اور گاڑی میں ڈیوائس نصب کروانے کے بعد ہی ڈرائیونگ کرسکیں گے۔

یہ ڈیوائس گاڑی اسٹارٹ ہونے سے پہلے ڈرائیور کی سانس میں الکوحل کی موجودگی چیک کرے گی، اور مقررہ حد سے زیادہ الکوحل ہونے کی صورت میں گاڑی کو اسٹارٹ ہونے سے روک دے گی۔

واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر پاکستان سپر لیگ کے دوران چھٹیوں کے لیے سڈنی گئے تھے، جہاں ان کا رینڈم بریتھ ٹیسٹ کیا گیا۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ٹیسٹ کے وقت وہ شراب نوشی کے بعد گاڑی چلا رہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ کے مقام پر پہنچنے سے کچھ دیر پہلے وارنر نے گاڑی میں موجود اپنے ساتھی کے ساتھ سیٹ بھی تبدیل کی تھی۔

یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر نے گزشتہ ماہ شراب پی کر گاڑی چلانے کے الزام کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے خلاف مقدمے میں اعترافِ جرم کیا تھا۔