معروف بھارتی اداکار اور گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اپنی نئی فلم “ستلج” میں اداکاری کے لیے محض ایک روپے کا علامتی معاوضہ وصول کیا

معروف بھارتی اداکار اور گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اپنی نئی فلم “ستلج” میں اداکاری کے لیے محض ایک روپے کا علامتی معاوضہ وصول کیا۔

فلم کے ہدایت کار ہنی ٹریہن نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ جب دلجیت نے فلم کی کہانی سنی اور جسونت سنگھ خالڑا کی تصویر دیکھی تو وہ جذباتی ہو گئے۔

ہدایت کار کے مطابق دلجیت دوسانجھ کا کہنا تھا کہ ایسی باوقار شخصیت کا کردار ادا کرنے کے بدلے معاوضہ لینا انہیں مناسب محسوس نہیں ہوتا، اسی لیے وہ اس فلم کے لیے فیس نہیں لینا چاہتے تھے۔

ہنی ٹریہن نے بتایا کہ انہوں نے متعدد بار دلجیت کو معاوضہ لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، تاہم اداکار صرف قانونی معاہدے کی رسمی کارروائی مکمل کرنے کے لیے ایک روپے لینے پر رضامند ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران دلجیت نے غیر معمولی تعاون کا مظاہرہ کیا اور شیڈول میں تبدیلی یا تاخیر کے باوجود کبھی کسی قسم کی شکایت نہیں کی۔

یاد رہے کہ فلم “ستلج” کو زی فائیو پر ریلیز کے صرف دو دن بعد ہی پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا تھا، جس کے بعد یہ فلم دوبارہ خبروں کا موضوع بن گئی۔