مشہور امریکی ٹک ٹاکر ڈریم ڈول بری قاتلانہ حملے میں ہلاک

امریکا کی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر بریانا جانسن، جو سوشل میڈیا پر Dreamdoll_Brii کے نام سے معروف تھیں، فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں جان کی بازی ہار گئیں۔

پولیس کے مطابق 21 سالہ بریانا جانسن ایک سبز رنگ کی لگژری Lamborghini Urus گاڑی چلا رہی تھیں، جبکہ ان کے ساتھ دو دیگر افراد بھی سوار تھے۔ اسی دوران نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی کا کنٹرول ختم ہو گیا اور وہ قریب موجود ایک رہائشی مکان سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں بریانا جانسن موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ گاڑی میں موجود دونوں دیگر افراد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد واقعے کو بظاہر ٹارگٹڈ حملہ قرار دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے سن شائن بلیوارڈ پر پیش آیا، جبکہ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ان کی تلاش کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے بعد متاثرہ گاڑی تیزی سے ایک چوراہا عبور کرتی ہے اور پھر بے قابو ہو کر ایک مکان سے ٹکرا جاتی ہے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تفتیش کار اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ واقعے سے کچھ دیر قبل ایک گیس اسٹیشن پر جھگڑے کی اطلاع ملی تھی، جو ممکنہ طور پر اس حملے سے منسلک ہو سکتی ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بریانا جانسن اور ان کے ساتھی ایک قریبی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی تقریب میں شریک تھے اور واپسی کے دوران مبینہ طور پر ان کی گاڑی کا تعاقب کر کے حملہ کیا گیا۔

بریانا جانسن سوشل میڈیا پر لائف اسٹائل، روزمرہ زندگی اور تفریحی مواد شیئر کرنے کی وجہ سے خاصی مقبول تھیں۔ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر ان کے مجموعی فالوورز کی تعداد تقریباً پانچ لاکھ تھی، جن میں ٹک ٹاک پر تقریباً 3 لاکھ 88 ہزار جبکہ انسٹاگرام پر لگ بھگ 88 ہزار 800 فالوورز شامل تھے۔