آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز ، افتتاحی میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 87 رنز سے شکست دے دی

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے سری لنکا کو 87 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

برمنگھم میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھائی اور مقررہ 20 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔

اننگز کا آغاز ایمی جونز اور ڈینی وائٹ ہوگ نے کیا اور دونوں نے 135 رنز کی مضبوط شراکت قائم کی۔ ایمی جونز 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد ڈینی وائٹ اور کپتان نیٹ شیور برنٹ نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے سری لنکن بولرز کو دباؤ میں رکھا۔ ڈینی وائٹ نے 61 گیندوں پر شاندار سنچری اسکور کی اور 62 گیندوں پر 105 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ نیٹ شیور برنٹ نے 46 رنز بنائے۔

جواب میں سری لنکا ویمنز ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔ پوری ٹیم آخری اوور کی آخری گیند پر 132 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ نیلاک شیکا سلوا 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے فریا کیمپ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سوفی ایکلسٹون اور چارلی ڈین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔