فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی انگلینڈ ٹیم کے ساتھ چوری کی واردات

فیفا ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل انگلینڈ کی قومی فٹبال ٹیم ایک غیر متوقع صورتحال سے دوچار ہو گئی، جب ٹیم کے سامان سے بھری گاڑی میں چوری کی واردات پیش آئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کنساس سٹی کے سووپ ساکر ولیج میں کھڑی اس گاڑی کے تالے توڑ کر نامعلوم افراد سامان لے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق چوری ہونے والی اشیاء میں کھلاڑیوں کے ٹریننگ بوٹس، فٹبالز اور دیگر ضروری سامان شامل ہو سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق انگلینڈ ٹیم کی آمد سے قبل ان کا سامان کنساس سٹی منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم راستے میں یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔ فٹبال ایسوسی ایشن حکام چوری شدہ سامان کی مکمل تفصیلات جمع کرنے میں مصروف ہیں تاکہ نقصان کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔

مقامی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فٹبال ایسوسی ایشن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ حکام کے مطابق چوری کے شبے میں دو افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے باعث انگلینڈ ٹیم کی ابتدائی تیاریوں پر کچھ اثر پڑ سکتا ہے، کیونکہ ٹیم نے اپنے پہلے تربیتی سیشن کا آغاز اتوار کو کرنا ہے جبکہ جلد ہی اسے کروشیا کے خلاف اہم میچ بھی کھیلنا ہے۔