ایکسپورٹرز اور ایس ایم ایز کے لیے بڑا ریلیف، سپر ٹیکس ختم کرنے کا اعلان

وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ایکسپورٹرز اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے اہم ٹیکس ریلیف کا اعلان کیا ہے۔

بلال اظہر کیانی کے مطابق 15 کروڑ سے 50 کروڑ روپے سالانہ آمدن رکھنے والے ایس ایم ایز اور تمام ایکسپورٹرز پر عائد سپر ٹیکس مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کاروباری شعبے پر ٹیکس کا دباؤ کم کرنے کے لیے پروسیڈز اسٹیج پر ٹیکس کی شرح 2.25 فیصد سے گھٹا کر 1.25 فیصد کردی گئی ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ کاروباری برادری کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جائے، کیونکہ ملکی معیشت میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کاروباری طبقے کے مسائل حل کرنے کے لیے خصوصی ہدایات دے رکھی ہیں اور اسی مقصد کے تحت مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے تھے۔

بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ سپر ٹیکس کے حوالے سے پہلے بھی کمی کی گئی تھی، جبکہ اب ایکسپورٹرز کے لیے سپر ٹیکس مکمل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف باقاعدگی سے ایف بی آر کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں اور ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اصلاحات جاری ہیں۔

وزیر مملکت کے مطابق ایف بی آر کی ری اسٹرکچرنگ پر کام ہورہا ہے، جبکہ مستقبل میں آڈٹ کا عمل ایک مرکزی نظام کے تحت انجام دینے کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے۔