پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز متاثر
پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث صارفین کو اکاؤنٹس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
متعدد صارفین کے مطابق ایپ یا ویب سائٹ پر لاگ اِن کرنے کی کوشش کے دوران اکاؤنٹ عارضی طور پر دستیاب نہ ہونے کا پیغام ظاہر ہو رہا تھا، جس سے سائن اِن کا عمل متاثر ہوا۔
سروس مانیٹرنگ ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بجے فیس بک سے متعلق خرابی کی رپورٹوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
تاحال میٹا کی جانب سے سروسز میں خلل کی وجوہات یا بحالی کے وقت سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔