سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد اداکار فہد شیخ نے سینئر اداکار اور مصنف سید محمد احمد سے معذرت کا اظہار کر دیا
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد اداکار فہد شیخ نے سینئر اداکار اور مصنف سید محمد احمد سے معذرت کا اظہار کر دیا ہے۔
یہ معاملہ اس وقت توجہ کا مرکز بنا جب سید محمد احمد نے ایک پوڈکاسٹ میں ایک جونیئر اداکار کے نامناسب رویے کا ذکر کیا۔ بعد ازاں مبینہ طور پر اس واقعے سے منسلک ویڈیو سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین نے فہد شیخ کا نام اس معاملے سے جوڑنا شروع کر دیا۔
چند روز قبل ایک انٹرویو میں سید محمد احمد نے بتایا تھا کہ دو مختلف ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران ایک کم عمر اداکار نے ان کے گنجے پن، قد اور رنگت سے متعلق بارہا طنزیہ جملے کہے۔ ان کے بقول انہوں نے شوٹنگ کا ماحول متاثر ہونے سے بچانے کے لیے خاموش رہنا مناسب سمجھا۔
اس بیان کے بعد شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات نے سید محمد احمد سے اظہارِ یکجہتی کیا، جبکہ اداکار شمعون عباسی سمیت کئی فنکاروں نے متعلقہ اداکار سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا۔
بعد ازاں فہد شیخ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو شوٹنگ کے دوران ہونے والی دوستانہ نوک جھونک کا حصہ تھی، کیونکہ فلم اور ڈرامہ سیٹس پر فنکار اکثر خاندانی ماحول میں کام کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کے کسی عمل یا گفتگو سے سید محمد احمد کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر دلی معذرت کرتے ہیں۔