فاطمہ ثناء پر آئی سی سی کا جرمانہ، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا گیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء پر بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میچ کے دوران فاطمہ ثناء نے بھارتی بیٹر شفالی ورما کو آؤٹ کرنے کے بعد پویلین کی جانب جانے کا اشارہ کیا تھا، جسے آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

آئی سی سی کے مطابق فاطمہ ثناء پر لیول ون کی خلاف ورزی کے تحت میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا گیا ہے۔

پاکستانی کپتان نے اپنی غلطی تسلیم کرلی، جس کے بعد معاملے پر باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

آئی سی سی کے ریکارڈ کے مطابق فاطمہ ثناء کے گزشتہ 24 ماہ کے دوران ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ انہیں پہلا ڈی میرٹ پوائنٹ 6 اگست 2025 کو ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کے دوران دیا گیا تھا۔