ایف بی آر کا سوشل میڈیا آمدن پر ٹیکس کا نیا طریقہ متعارف
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا کے ذریعے آمدن حاصل کرنے والے افراد کے لیے ٹیکس کے حوالے سے نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے اور اس مقصد کے لیے انکم ٹیکس رولز میں ایک نیا باب شامل کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق نئے نظام کے تحت سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدن میں سے قابل قبول اخراجات کی زیادہ سے زیادہ 30 فیصد تک کٹوتی کی جاسکے گی۔ اس کے بعد مجموعی آمدن میں سے منظور شدہ اخراجات نکال کر قابل ٹیکس آمدن کا تعین کیا جائے گا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ قواعد کے مطابق یہ طریقہ کار پاکستان میں سوشل میڈیا کے ذریعے آمدن حاصل کرنے والے رہائشی افراد پر لاگو ہوگا۔ اگر کسی شخص کی اصل آمدن مقررہ حد سے کم ہو تو اسے کم آمدن کی بنیاد اور ثبوت متعلقہ کمشنر کو فراہم کرنا ہوگا۔
نئے قواعد میں سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی مجموعی آمدن کا تعین ویوز اور حقیقی طور پر حاصل ہونے والی رقم کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فی ایک ہزار ویوز حاصل ہونے والی آمدن کی بنیاد پر بھی آمدن کا حساب لگایا جاسکے گا۔ نقد رقم کے علاوہ کسی اور شکل میں ملنے والی حقیقی آمدن کو بھی مجموعی آمدن میں شامل کیا جائے گا۔
قواعد کے تحت سوشل میڈیا سے آمدن حاصل کرنے والے افراد کو ہر سہ ماہی میں ایڈوانس ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ اسی طرح انکم ٹیکس ریٹرن جمع کراتے وقت سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدن کو ریٹرن کے مخصوص حصے میں الگ سے ظاہر کرنا لازم ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق اگر کسی فرد کی جانب سے آمدن کم ظاہر کی گئی تو متعلقہ کمشنر کو اسے درست کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ نئے قواعد کا اطلاق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، سوشل میڈیا سے تیار کیے جانے والے مواد اور معاوضے کے عوض فراہم کیے جانے والے کانٹینٹ سے حاصل ہونے والی آمدن پر ہوگا۔