ایف بی آر کی 35 لاکھ چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کی مہم

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر کے تقریباً 35 لاکھ چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے نئی مہم شروع کردی ہے۔

رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ایف بی آر کی جانب سے اردو اور مختلف علاقائی زبانوں میں ایک صفحے پر مشتمل سادہ رجسٹریشن فارم متعارف کرایا گیا ہے۔

اس اسکیم کے تحت سالانہ 20 کروڑ روپے تک ٹرن اوور رکھنے والے اہل دکانداروں کے لیے ایک فیصد ٹیکس کی شرح مقرر کی گئی ہے، جبکہ انہیں کم از کم 25 ہزار روپے سالانہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

ایف بی آر کے مطابق اسکیم میں شامل ہونے والے اہل تاجروں کو پی او ایس اور ڈیجیٹل انوائسنگ کی پابندی سے استثنیٰ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسکیم سے فائدہ حاصل کرنے والے تاجروں کا آڈٹ نہ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

رجسٹرڈ تاجروں کو ودہولڈنگ ایجنٹ کی ذمہ داری سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا، جس سے چھوٹے کاروباری افراد کے لیے ٹیکس سے متعلق بعض انتظامی امور میں آسانی پیدا ہونے کی توقع ہے۔

ایف بی آر کے مطابق دکاندار آن لائن ویب سائٹ، موبائل ایپ یا متعلقہ ٹیکس آفس کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کراسکیں گے۔

قواعد و ضوابط پر عمل کرنے والی دکانوں پر شناخت کے لیے کیو آر کوڈ پر مشتمل گرین پلیٹ آویزاں کی جائے گی۔

مزید یہ کہ ایف بی آر کے ٹیکس عملے کو اسکیم کے تحت رجسٹرڈ دکانداروں کی انسپیکشن کی اجازت نہیں ہوگی، جس کا مقصد رجسٹرڈ چھوٹے تاجروں کو غیر ضروری انتظامی کارروائیوں سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔