وفاقی آئینی عدالت میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی برقرار

وفاقی آئینی عدالت میں عدالتی کارروائی کی کوریج کے لیے آنے والے صحافیوں کو عدالت کے احاطے میں داخل ہونے سے روکنے کا سلسلہ دوسرے روز بھی برقرار رہا۔

24 نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو متعلقہ اداروں سے سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد ہی عدالت کے احاطے میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ تاہم تاحال صحافیوں کی کلیئرنس کا عمل مکمل نہیں ہوسکا۔

اس سے ایک روز قبل بھی عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ کے لیے پہنچنے والے رپورٹرز اور دیگر میڈیا نمائندگان کو سیکیورٹی اہلکاروں نے داخلی راستے پر روک دیا تھا، جس کے باعث انہیں کوریج کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

صحافتی حلقوں نے عدالتی کوریج کے لیے میڈیا کے داخلے میں رکاوٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں کو بلا تاخیر عدالت میں داخلے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔