ایف آئی اے افسر کو نجی منشی رکھنے پر نوکری سے برطرف کردیا گیا
ایف آئی اے افسر کی جانب سے سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے نجی شخص کو مبینہ طور پر ذاتی منشی کے طور پر استعمال کرنے کا معاملہ سامنے آگیا، جس پر ڈائریکٹر اسلام آباد زون نے کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر سلطان احمد کو ملازمت سے برطرف کردیا۔
ذرائع کے مطابق سلطان احمد کے خلاف نااہلی اور مبینہ ناجائز فائدے کے لیے نجی فرد کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق الزامات کی تحقیقات کے بعد انہیں درست قرار دیا گیا۔ بعد ازاں بدعنوانی اور ذاتی منشی رکھنے کے معاملے پر سب انسپکٹر کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے نوکری سے فارغ کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے سید شہزاد ندیم بخاری نے افسران کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ سرکاری امور کے لیے کسی نجی شخص کو ذاتی منشی مقرر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اس ضابطے کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسر کے ساتھ ساتھ متعلقہ سرکل انچارج کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے مزید واضح کیا کہ ایف آئی اے زون کے دفاتر میں غیر متعلقہ نجی افراد کی موجودگی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔
دوسری جانب ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن افضل نیازی کو دیگر افسران کے معاملات اور ہدایات پر عمل درآمد کی نگرانی کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔