فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دوراہ ایران مکمل

ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تہران میں پاکستانی وفد کی موجودگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مجوزہ مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ بات چیت کا مرکز جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے سے متعلق امور ہیں۔ ان کے مطابق امریکی بحری پابندیوں کے خاتمے اور ایران کے منجمد مالی اثاثوں پر عائد پابندیوں میں نرمی جیسے معاملات بھی زیر غور ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ پاکستانی وفد گزشتہ شب تہران پہنچا، جبکہ اس سے قبل پاکستان کے وزیرِ داخلہ بھی ایران میں موجود تھے۔ انہوں نے پاکستان کو ایران اور امریکا کے درمیان جاری رابطوں میں اہم کردار ادا کرنے والا فریق قرار دیا۔

اسماعیل بقائی کے مطابق اس دورے کا مقصد ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات اور تجاویز کے تبادلے کے عمل کو آگے بڑھانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس وقت اپنی 14 نکاتی تجویز کی بنیاد پر جنگ کے خاتمے کے لیے کوششیں کر رہا ہے، جس پر مختلف مراحل میں متعدد بار تبادلہ خیال ہو چکا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں مختلف شقوں اور بعض الفاظ پر اختلافات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ نئی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں جن پر فریقین غور کر رہے ہیں۔