ورلڈکپ فائنل کے بعد جھڑپیں، فیفا نے ارجنٹائن کے کھلاڑیوں پر پابندیاں عائد کردیں

فیفا ڈسپلنری کمیٹی نے 2026 ورلڈکپ کے فائنل کے بعد پیش آنے والے واقعات پر ارجنٹائن کے متعدد کھلاڑیوں اور ایک ٹیم آفیشل کے خلاف سزائیں عائد کردی ہیں۔ سب سے سخت کارروائی مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز کے خلاف ہوئی، جنہیں 10 میچز کے لیے معطل کرنے کے ساتھ 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ کیا گیا۔ ناہوئل مولینا کو 7 میچز کی پابندی اور 90 ہزار ڈالر جرمانہ سنایا گیا۔

فیفا کے مطابق تھیاغو الماڈا پر ایک میچ کی پابندی اور 30 ہزار ڈالر جرمانہ جبکہ ارجنٹائن کے ٹیم آفیشل روبرٹو آیالا پر 3 میچز کی معطلی اور 30 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح اسپین کے کھلاڑی پابلو مارٹن پائز گاویرا کو بھی ایک میچ کے لیے معطل اور 30 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا۔

یہ کارروائی 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلے گئے ورلڈکپ فائنل کے اختتام پر پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے بعد کی گئی۔ فیفا کے مطابق ڈسپلنری اینڈ ایتھکس پراسیکیوٹر کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد متعلقہ فریقوں کے خلاف فیصلے کیے گئے۔

اس کے علاوہ ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن (AFA) پر مختلف خلاف ورزیوں کی بنیاد پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ فیفا کے مطابق ان خلاف ورزیوں میں امتیازی نعروں اور اشاروں، ٹیم کے نامناسب طرزِ عمل، کھیل کے ضوابط کی خلاف ورزی اور میچ سکیورٹی سے متعلق مسائل شامل تھے۔

فیفا نے ارجنٹائن کو آئندہ دو ہوم میچز 50 فیصد تماشائیوں کی گنجائش کے ساتھ کھیلنے کا حکم بھی دیا ہے۔ تاہم ان میں سے ایک میچ کی پابندی معطل رکھی گئی ہے اور اس پر ایک آزمائشی مدت لاگو ہوگی۔ جرمانے میں سے 1 لاکھ ڈالر امتیازی سلوک کے خلاف پروگرام پر خرچ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے، جبکہ مزید 1 لاکھ ڈالر کی سزا معطل ہے۔

فیفا کے مطابق کھلاڑیوں اور متعلقہ آفیشلز کی میچ پابندیاں ان کی قومی ٹیموں کے اگلے بین الاقوامی مقابلوں میں نافذ ہوں گی۔ فیصلوں کی مکمل وجوہات طلب کرنے کے لیے فریقین کے پاس 10 دن کا وقت ہے، جبکہ فیفا کے ڈسپلنری کوڈ کے تحت ان فیصلوں کے خلاف اپیل بھی کی جاسکتی ہے۔

یاد رہے کہ 19 جولائی 2026 کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ فائنل میں اسپین نے ارجنٹائن کو 1-0 سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔