فیفا اور یوئیفا کے درمیان اختلافات مزید بڑھ گئے

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا اور یورپی فٹبال کی نگران تنظیم یوئیفا کے درمیان اختلافات نے ایک نئی شدت اختیار کرلی ہے، جہاں فیفا نے یوئیفا پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا نے امریکی عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ یوئیفا نے فیفا اور اس کے صدر گیانی انفانٹینو کے خلاف مبینہ طور پر ایک منظم بدنامی کی مہم چلائی۔

دونوں اداروں کے درمیان تنازع کی ایک بڑی وجہ فیفا کے کمرشل حقوق سے متعلق ’’فیفا فارورڈ انٹرپرائز‘‘ منصوبہ ہے۔ تجویز کے مطابق اس ادارے کے ذریعے مردوں اور خواتین کے ورلڈ کپ سے وابستہ تجارتی حقوق کے انتظام کی ذمہ داری دی جانی تھی۔

تاہم یوئیفا سمیت دیگر علاقائی فٹبال تنظیموں کی مخالفت کے بعد فیفا نے یہ منصوبہ 31 جولائی کو واپس لینے کا اعلان کردیا۔

دوسری جانب یوئیفا نے گیانی انفانٹینو اور فیفا کے بعض دیگر عہدیداروں سے متعلق ممکنہ سوئس فوجداری کارروائی کے لیے امریکا سے متعلقہ دستاویزات اور گواہی حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔

فیفا کا کہنا ہے کہ یوئیفا نے منصوبے کو ابتدا ہی میں ناکام بنانے کی کوشش کی، جبکہ یوئیفا کی جانب سے فیفا کے اندر ادارتی اصلاحات اور صدر کے اختیارات پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

گیانی انفانٹینو مارچ 2027 میں فیفا کی صدر کے طور پر چوتھی مدت کے لیے انتخاب لڑنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، تاہم انہیں اس معاملے پر تین فٹبال کنفیڈریشنز کی جانب سے دباؤ کا سامنا بتایا جارہا ہے۔